آندھرا پردیش میں جلی ہوئی لاش کا لرزہ خیز معمہ: پولیس نے پاپڑ کے ایک چھوٹے سے پیکٹ کے ذریعے کیسے بے نقاب کیا قتل کا راز
امراوتی : آندھرا پردیش پولیس نے ایک انتہائی پچیدہ اور اندھے قتل کے کیس کو محض ایک پاپڑ کے پیکٹ کی مدد سے سلجھا کر سب کو حیران کر دیا ہے۔ کرائم فلموں کی طرح سسپنس سے بھرے اس واقعے میں قاتلوں نے مقتول کی لاش کو بری طرح جلا دیا تھا تاکہ اس کی شناخت نہ ہو سکے، لیکن جائے وقوعہ پر چھوٹی سی چوک نے انہیں قانون کے شکنجے میں پہنچا دیا۔
جلی ہوئی لاش اور پولیس کے سامنے چیلنج:
پولیس کو سڑک کنارے ایک نامعلوم شخص کی آدھی جلی ہوئی لاش ملی، جس کا چہرہ اور پورا جسم اس حد تک جھلس چکا تھا کہ شناخت کرنا ناممکن تھا۔ جائے وقوعہ پر کوئی موبائل، پرس یا شناختی کارڈ موجود نہیں تھا۔ تفتیش کے دوران پولیس کو لاش کے کچھ ہی فاصلے سے ایک مقام یبرانڈ کے پاپڑ کا کچرے میں پڑا ہوا خالی پیکٹ ملا۔ یہی پیکٹ پولیس کے لیے اس اندھے قتل کیس کا سب سے بڑا سراغ بن گیا
تفتیش کا انوکھا طریقہ اور کامیابی
پولیس نے اس پاپڑ کے پیکٹ پر موجود بیچ نمبر اور مینوفیکچرنگ کی تفصیلات کا پیچھا کیا۔ ٹیموں نے قریبی قصبوں اور دیہاتوں کی دکانوں پر جا کر یہ پتا لگایا کہ یہ مخصوص پاپڑ حال ہی میں کن دکانوں پر سپلائی کیا گیا تھا۔ آخر کار ایک دکاندار نے یاد کیا کہ کچھ مخصوص لوگوں نے یہ پاپڑ اور دیگر راشن خریدا تھا۔ دکان کے ارد گرد لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کھنگالنے پر ان مشتبہ افراد کی شناخت ہو گئی، جو مقتول کے جاننے والے ہی نکلے۔
سخت پوچھ گچھ کے دوران ملزمان نے اعترافِ جرم کر لیا۔ انہوں نے بتایا کہ کسی ذاتی رنجش اور جھگڑے کے بعد انہوں نے اس شخص کو قتل کیا اور ثبوت مٹانے کے لیے لاش کو آگ لگا دی تھی۔ پولیس نے تمام ملزمان کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا ہے۔ پولیس کی اس ہوشیار تفتیش کی ویڈیو اور تفصیلات سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہو رہی ہیں۔