حیدرآباد: نمس نے ڈھائی سال میں ایک ہزار روبوٹک سرجریاں مکمل کر کے نیا سنگ میل عبور کر لیا
(حیدرآباد نمس)
حیدرآباد: نظامز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (نمس) نے صحت کے شعبے میں ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے صرف ڈھائی سال کے عرصے میں 1,000 روبوٹک سرجریاں کامیابی سے مکمل کر لی ہیں۔ اس موقع پر نمس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر راہول دیوراج نے سینئر ڈاکٹروں اور عملے کے ساتھ تلنگانہ کے وزیر صحت دامودر راجا نرسمہا سے سیکریٹریٹ میں ملاقات کر کے اس تاریخی کامیابی سے آگاہ کیا۔
ڈاکٹر راہول دیوراج نے بتایا کہ ان ایک ہزار روبوٹک سرجریوں میں سے 90 فیصد سے زائد آپریشن آروگیہ شری اور چیف منسٹر ریلیف فنڈ جیسی سرکاری فلاحی اسکیموں کے تحت مریضوں کے لیے مفت کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے مہنگی روبوٹک سرجریاں اب غریب اور متوسط طبقے کے مریضوں کی پہنچ میں آ گئی ہیں۔
انہوں نے سرجریوں کی تفصیلات بھی بتائیں۔ ان کے مطابق اب تک 590 روبوٹک سرجریاں یورولوجی، 248 سرجیکل گیسٹرواینٹرولوجی اور 162 سرجیکل آنکولوجی کے شعبوں میں انجام دی جا چکی ہیں۔ انہوں نے اس کامیابی کا سہرا یورولوجی، سرجیکل گیسٹرواینٹرولوجی، سرجیکل آنکولوجی، اینستھیزیا، نرسنگ اسٹاف، آپریشن تھیٹر ٹیم اور دیگر متعلقہ شعبوں کی مشترکہ محنت کو دیا۔
وزیر صحت دامودر راجا نرسمہا نے نمس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں جدید طبی سہولیات فراہم کرنے میں نمس کا کردار قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2,000 گردوں کی پیوندکاری کا سنگ میل عبور کرنے کے بعد 1,000 روبوٹک سرجریاں مکمل کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ تلنگانہ کا سرکاری طبی نظام جدید علاج فراہم کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
وزیر صحت نے مزید کہا کہ نمس نے سرکاری شعبے میں جنوبی ہند کی پہلی کامیاب روبوٹک گردہ پیوندکاری انجام دے کر ملک کے نمایاں آرگن ٹرانسپلانٹ مراکز میں اپنی جگہ مضبوط کی ہے۔
ریاستی حکومت جدید روبوٹک سرجری کی سہولیات کو مزید وسعت دینے کی بھی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ اس وقت روبوٹک سرجری کی سہولت نمس اور ایم این جے کینسر اسپتال میں دستیاب ہے، جبکہ زیرِ تعمیر ٹمز اسپتالوں، گاندھی اسپتال اور نئے عثمانیہ جنرل اسپتال میں بھی جدید روبوٹک آپریشن تھیٹر قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو عالمی معیار کی طبی خدمات سرکاری شعبے میں ہی فراہم کی جا سکیں۔
دریں اثنا، وزیراعلیٰ اے ریونت ریڈی نے بھی نمس کی اس شاندار کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکر ڈاکٹر راہول دیوراج، ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف اور آپریشن تھیٹر کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ کم مدت میں ایک ہزار روبوٹک سرجریاں مکمل کرنا تلنگانہ کے سرکاری طبی نظام کے لیے ایک قابلِ فخر کامیابی ہے۔
🔒 کوئی اسپیم نہیں، صرف اہم اور مصدقہ خبریں۔