سرکاری ملازمت نہ ملنے پر بی ٹیک گولڈ میڈلسٹ نوجوان کی خودکشی، والد کے نام دردناک نوٹ چھوڑ گیا
اتر پردیش کے شہر کانپور میں 23 سالہ بی ٹیک گولڈ میڈلسٹ آنند کمار نے مبینہ طور پر اپنے گھر میں خودکشی کر لی۔ پولیس کے مطابق نوجوان نے ایک مختصر نوٹ چھوڑا جس میں اپنے والد سے معذرت کرتے ہوئے لکھا کہ اس نے سرکاری ملازمت حاصل کرنے کے لیے تقریباً 50 مرتبہ کوشش کی، مگر کامیاب نہ ہو سکا۔
آنند کمار نے 2024 میں پرائیویٹ انجینئرنگ کالج سے الیکٹریکل انجینئرنگ میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا اور اتر پردیش میں تیسری پوزیشن بھی حاصل کی تھی۔ گریجویشن کے بعد انہوں نے پاور گرڈ میں ایک سال کی اپرنٹس شپ مکمل کی اور اس کے بعد ریلوے، ایس ایس سی، بینک اور محکمۂ تعلیم سمیت مختلف سرکاری ملازمتوں کے امتحانات دیے، تاہم کامیابی حاصل نہ کر سکے۔
پولیس کے مطابق واقعے کے وقت اہلِ خانہ بڑے بھائی کی شادی کے سلسلے میں بہار گئے ہوئے تھے۔ گھر کے ملازم نے دروازہ نہ کھلنے پر پڑوسیوں اور پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد نوجوان کی لاش برآمد ہوئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔