راجستھان: تیندوا شراب کی دکان میں گھس آیا، 3 افراد پر حملہ، خوفناک منظر سی سی ٹی وی میں قید
راجستھان کے ضلع ٹونک کے قصبہ ٹوڈارائے سنگھ میں اتوار کی صبح ایک تیندوا اچانک شراب کی دکان میں گھس آیا اور تین افراد پر حملہ کر دیا۔ اس خوفناک واقعے کی ویڈیو دکان میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگئی، جو اب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق صبح تقریباً 8:45 بجے مقامی لوگوں نے جھاڑیوں میں ایک تیندوے کو چھپا ہوا دیکھا اور فوری طور پر محکمہ جنگلات کے رضاکار راکیش کو اطلاع دی۔ راکیش جیسے ہی موقع پر پہنچے، تیندوے نے اچانک ان پر حملہ کر دیا۔
پہلے حملے کے بعد تیندوا تقریباً 400 میٹر دور واقع ایک شراب کی دکان کی طرف بھاگا، جہاں اس نے پہلے دکان کے باہر بیٹھے 40 سالہ فتح لال کولی پر حملہ کیا۔ اس کے بعد تیندوا سیدھا دکان کے اندر گھس گیا اور وہاں موجود 25 سالہ سیلز مین سنجے گرجر پر بھی جھپٹ پڑا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تیندوا انتہائی تیزی سے دکان کے اندر حملہ آور ہوتا ہے۔ تاہم سیلز مین نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود کو بچایا، فوراً باہر نکل آیا اور دکان کا شٹر بند کر دیا، جس سے تیندوا اندر ہی محصور ہو گیا اور مزید لوگوں کو نقصان پہنچنے سے بچا لیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی جے پور سے محکمہ جنگلات کی خصوصی ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی۔ تقریباً پانچ گھنٹے تک جاری رہنے والے آپریشن کے بعد تیندوے کو بے ہوشی کا انجیکشن دے کر محفوظ طریقے سے قابو میں لے لیا گیا۔
حملے میں زخمی ہونے والے تینوں افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ راکیش کو ابتدائی علاج کے بعد گھر بھیج دیا گیا، جبکہ دیگر دو زخمیوں کو مزید علاج کے لیے دوسرے اسپتال ریفر کیا گیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ سی سی ٹی وی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔